ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کابینہ میں توسیع،قیادت کی تبدیلی کا دباؤ ریاست کی سیاست میں دہلی کی مداخلت:ایڈی یورپا کیلئے سخت امتحان

کابینہ میں توسیع،قیادت کی تبدیلی کا دباؤ ریاست کی سیاست میں دہلی کی مداخلت:ایڈی یورپا کیلئے سخت امتحان

Sun, 13 Sep 2020 11:27:08    S.O. News Service

بنگلورو،13؍ستمبر(ایس او  نیوز) کورونا وائرس کے تعلق سے لوگوں میں جیسے جیسے خوف کم ہورہا ہے وہیں ریاست کی سیاست میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ ماہِ مارچ میں حکمران پارٹی بی جے پی میں جو اتھل پتھل تھی بالکل ایسی ہی اتھل پتھل اب دوبارہ بی جے پی میں شروع ہوچکی ہے۔ ریاستی کابینہ میں جلد توسیع کرنے وزیراعلیٰ ایڈی یورپا پر پارٹی میں چاروں طرف سے دباؤ بڑھ رہا ہے۔ ان حالات میں پارٹی کے چند اراکین اسمبلی کو اگلے چناؤ کی فکر ستارہی ہے، کیونکہ ان لیڈروں نے اپنے حلقوں کے لوگوں سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے 20فی صد وعدے بھی پورے نہیں ہوئے ہیں جبکہ اسمبلی انتخابات ہوئے سوا دو سال مکمل ہوچکے ہیں۔ پہلا ایک سال ایچ ڈی کمار سوامی کی قیادت والی مخلوط حکومت میں ترقیاتی کاموں پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی، اس میعاد میں صرف سیاسی سرگرمیاں چلتی رہیں۔جلد مخلوط حکومت کو گرا کر بی جے پی نے ایڈی یورپا کی قیادت میں حکومت تشکیل دی۔ ایڈی یورپا حکومت سنبھل ہی رہی تھی کہ کورونا وائرس شروع ہوگیا، حکومت اس وقت ترقیاتی کاموں سے زیادہ کورونا کو ختم کرنے پر زیادہ توجہ دیئے ہوئے ہے۔ان حالات میں اراکین اسمبلی کو یہ فکر ہے کہ بقیہ میعاد میں ان کے حلقوں میں کیا ترقیاتی کاموں پر عمل ہوگا؟تاکہ 2022ء اسمبلی انتخابات میں جب وہ اپنے حلقہ کے ووٹروں کا سامنا کریں تو ان سے کہیں کہ پچھلی میعاد میں حلقہ میں اتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ یہ بھی خبریں ہیں کہ ایک طرف کابینہ میں توسیع کا مطالبہ کیا جارہا ہے دوسری طرف ایڈی یورپا کی قیادت میں تبدیلی کرنے کیلئے جدوجہد شروع ہوچکی ہے۔ اطلاع ملی ہے کہ ایڈی یورپا کی قیادت میں ایک سال مکمل ہونے کے بعد کابینہ کی ازسر نو تشکیل دینے پر ہائی کمان غور کررہا ہے تاکہ پارٹی کے دیگر لیجس لیٹرس کو بھی کابینہ میں موقع ملے۔جن اراکین اسمبلی کو سرکاری بورڈس اور کارپوریشنوں کے لئے نامزد کیا گیا ہے وہ مطمئن نہیں، وہ اپنے لئے کابینہ میں جگہ پانا چاہتے ہیں۔ ان حالات میں وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کو ایک طرف انہیں قیادت سے ہٹا دیئے جانے کا خوف ہے دوسری طرف کابینہ کی از سر نو تشکیل کیلئے ان پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ ان حالات میں ایڈی یورپا کو خود الجھن ہے کہ کرناٹک میں ان کی قیادت کو بحال کیا جائے گا یا انہیں باہر کا دروازہ دکھایا جائے گا؟


Share: